بابر اعظم نے ویرات کوہلی کا ریکارڈ توڑ دیا۔۔۔

0
11

سوموار کو کراچی میں کھیلے جانے والے ایک روزہ میچ میں پاکستانی مڈل آرڈر بیٹسمین بابر اعظم نے سنچری سکور کر کے32 سالہ پرانا پاکستانی ریکارڈ اپنے نام کر لیا۔اس میچ میں بابر اعظم نے 2019 میں اپنا ہزارواں رنز مکمل کرتے ہی ایک سال کے اندر تیز ترین 1000 رنز مکمل کرنے والے پاکستانی بیٹسمین کا اعزاز اپنے نام کر لیا۔بابر اعظم نے ایک ہزار رنز 19 اننگز کھیل کر مکمل کیے جب کہ اس سے پہلے یہ اعزاز جاوید میانداد کے پاس تھا جنہوں نے 1987 میں 21 اننگز کھیل کر یہ کارنامہ سرانجام دیا تھا۔بابر اعظم 2013 کے بعد پاکستان کے پہلے کھلاڑی ہیں جنہوں نے ایک سال کے اندر ایک ہزار رنز مکمل کیے ہیں۔اس سے پہلے پاکستان کے سابق کپتان اور موجودہ ہیڈ کوچ مصباح الحق اور محمد حفیظ نے 2013 میں یہ سنگِ میل عبور کیا تھا۔۔۔

سری لنکا کے خلاف کھیلے گئے اس دوسرے ایک روزہ میچ میں بابر اعظم نے اپنے ایک روزہ کیریئر کی گیارویں سنچری مکمل کی جس کے ساتھ ہی وہ کم اننگز کھیل کر 11 سنچریاں بنانے والے بلے بازوں میں تیسرے نمبر پر آگئے۔115 رنز کی اننگز کھیل کر بابر اعظم نے بھارتی بلے باز ویرات کوہلی کو پچھاڑ دیا جو کہ کم اننگز میں 11 سنچریاں بنانے والے کھلاڑیوں میں تیسرے نمبر پر تھے۔کوہلی نے 82 اننگز میں یہ اعزاز اپنے نام کیا تھا جب کہ بابر اعظم نے 71 اننگز میں یہ کارنامہ سر انجام دے کر ان سے تیسری پوزیشن چھین لی ہے۔کم اننگز میں تیز ترین ۱۱ سنچریاں بنانے کا اعزاز جنوبی افریقہ کے بیٹسمین ہاشم عاملہ کے پاس ہے جنہوں نے محض 64 اننگز میں یہ سنگِ میل عبور کیا جب کہ اُنکے ساتھی بلے باز کوئنٹن ڈیکوک 65 اننگز میں یہ کارنامہ سرانجام دینے کے بعد فہرست میں دوسرے نمبر پر ہیں۔۔۔

بابر اعظم اب تک ایک روزہ کرکٹ میں 11 سنچریاں اور 15 نصف سنچریاں بنا چکے ہیں اور اُنکا شمار نہ صرف پاکستان بلکہ دنیا کے اُبھرتے ہوئے بہترین پلیئرز میں ہونے لگا ہے۔بابر اعظم کی ایک روزہ کرکٹ میں بیٹنگ اوریج 55 جب کہ سٹرائیک ریٹ 86 ہے جو کہ جدید کرکٹ میں بہترین ہے۔ لیکن بابر اعظم اپنے کیرئیر سٹیٹس کے علاوہ کلاسیکل بیٹنگ سٹائل کی وجہ سے بھی دنیا میں بے حد مقبول ہیں۔2010 کے بعد سے پاکستانی ٹیم کسی مستند بھروسہ مند بلے باز کی کمی محسوس کرتی آرہی تھی جسے بابر اعظم نے بڑے اچھے طریقے سے پر کیا ہے۔بابر اعظم پاکستان کرکٹ کا ایک روشن ستارہ ہیں اور مستقبل میں بابر اعظم کا شمار دنیا کے چند بہترین بلے بازوں میں ہو گا۔۔۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here